رائے پور، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ سکما ضلع میں پولیس نے تصادم میں ایک نکسلی کو مار گرایا ہے۔سکما ضلع کے پولیس حکام نے آج میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ضلع کے کونٹا تھانہ علاقے کے تحت نیل مڑگو گاؤں کے جنگل میں ضلع پولیس فورس، ڈی آرجی، اور ایس ٹی ایف کی مشترکہ ٹیم نے تصادم میں نکسلی مڑکم ہنگا کو مار گرایا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم کو کانٹا تھانہ علاقے میں نکسلی سرگرمیوں کی اطلاع ملی تھی۔اطلاع کے بعد پولیس ٹیم کو نیل مڑگو اور ویل پوچا گاؤں کی طرف روانہ کیا گیا تھا۔ٹیم جب نیل مڑگو گاؤں کے قریب پہنچی تب نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔اس کے بعد پولیس ٹیم نے بھی جوابی کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد نکسلی وہاں سے بھاگ گئے۔بعد میں جب جائے حادثہ کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے نکسلی مڑکم ہنگا کی لاش برآمد ہوئی ۔پولیس ٹیم نے جائے حادثہ سے ایک بندوق اور کچھ نکسلی سامان برآمد کیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم مسلسل علاقے میں تلاشی مہم چلا رہی ہے۔